دبئی، 25جنوری (آئی این ایس انڈیا) مسجد حرام اور مسجد نبویﷺ کے امور کے نگرانِ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے حج اور اور عمرہ سیکورٹی کی اسپیشل فورسز کے کمانڈر میجر جنرل محمد بن وصل الاحمدی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مسجد حرام کی سیکورٹی کے لیے اسپیشل فورس کے کمانڈر کرنل یوسف بن سحمی الخدیدی اور مذکورہ فورس کے انسانی وسائل کے امور کے سربراہ کرنل ممدوح بن بنیہ الحازمی بھی شریک تھے۔
اس موقع پر شیخ السدیس نے کرنل الخدیدی کو مسجد حرام کی سیکورٹی فورس کا کمانڈر مقرر ہونے پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے اس اقدام پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
شیخ السدیس نے مسجد حرام کی سیکورٹی فورس کی کوششوں اور زائرین کی سلامتی برقرار رکھنے کے سلسلے میں اس فورس کے مستقل کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورس کے اہل کار اللہ کے گھر کے حوالے سے ایک عظیم خدمت سر انجام دے رہے ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر شیخ السدیس نے حرمین شریفین کے سیکورٹی اور انتظامی امور سے متعلق متعدد ذمے داران کے اکرام میں انہیں اعزازات سے نوازا۔